اورنج لائن منصوبہ بالآخر مکمل، ٹرین کو عوام کیلئے پیر کے روز چلایا جائیگا

Published On 24 October,2020 10:39 am

لاہور: (دنیا نیوز) پانچ سال زیر تعمیر رہنے والا اورنج ٹرین منصوبہ بالآخر مکمل ہوگیا، ٹرین کو عوام کے لئے پیر کے روز چلایا جائے گا، لوگ پہلی بار اورنج لائن میں سفر کریں گے۔

سی پیک کا پہلا منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچ گیا۔ 27.1 کلومیٹر طویل اور 26 سٹیشنز پر مشتمل میٹرو اورنج ٹرین اب چلنے کے لیے مکمل تیار ہے۔ ٹرین کے سٹیشن پر تنصیبات اور آرائش و زیبائش مکمل ہوچکی ہے۔

ایلی ویٹرز کے بعد ٹرین سٹیشن کی راہداری سے گزر کر مسافر سٹیشن تک پہنچیں گے جہاں کارڈ کا بیلنس چیک کرنے اور ریچارج کرنے کے لیے خود کار مشینری کی تنصیب مکمل ہے جن مسافروں کے پاس کارڈ موجود نہیں ان کے لیے ٹکٹ باکس بنائے گئے ہیں جہاں 40 روپے میں ایک ٹوکن خریدا جاسکتا ہے۔

ٹوکن اور کارڈ کے ذریعے ٹرین کے پلیٹ فارم تک جانے کے لئے آٹو میٹک دروازے کھلیں گے۔ اسی طرح ٹرین تک جانے کے لئے ایک اور برقی زینے کی تنصیب کی گئی ہے جس سے مسافر ٹرین کے پلیٹ فارم تک پہنچیں گے۔

ٹرین کے سٹیشنز پر کی گئی لائٹنگ نے ان سٹیشنز کو اور بھی دلکش بنا دیا ہے جبکہ نقش و نگار سٹیشنز کو خوشنما بناتے ہیں۔ شہر لاہور کے باسی پر جوش ہیں کہ ٹرین میں سفر کر کے ان کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

اورنج ٹرین کا کرایہ 40 روپے اور وقت صبح ساڑھے سات بجے سے رات ساڑھے آٹھ بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔