لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کے کسی نمائندے نے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے ملاقات نہیں کی، نواز شریف کی صحت آپریشن کی متقاضی ہے، جب تک کورونا ہے نواز شریف کا آپریشن نہیں ہوسکتا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران مریم نواز نے آرمی چیف سے ن لیگی نمائندے کی ملاقات کی تردید کر دی، ان کا کہنا تھا کہ ڈنر ہوا یا نہیں، اسکا کوئی علم نہیں، سیاسی معاملات سیاسی قیادت کو حل کرنے دیں، سیاسی قیادت کو بھی نہیں جانا چاہیے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ سیاسی معاملات کو پارلیمنٹ میں ہی ڈسکس کرنا چاہیے، ظلم و جبر کے ہتھکنڈے ایک حد تک چلتے ہیں۔ اے پی سی کے فیصلوں کی پاسداری کی جائے گی، اشتہاری کی درخواست پر منتخب وزیر اعظم کو نااہل کیا گیا۔
دوسری جانب وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ن لیگی رہنماوں احسن اقبال اور خواجہ آصف کی آرمی چیف سے ون آن ون ملاقات ہوئی، سب نےاکٹھی ملاقاتیں کی اورکھل کرملاقاتیں کیں۔ کچھ دن پہلے بھی آرمی چیف سے ملاقات ہوئی تھی۔ ن لیگی رہنماوں کی عسکری قیادت سے 2 ماہ میں 2 ملاقاتیں ہوئیں، شیخ رشید کا کہنا تھا ایک ملاقات میں شہباز شریف اور میں ایک ٹیبل پر موجود تھے۔
معاملہ مزید گھمبیر ہو گیا جب ن لیگی رہنما احسن اقبال نے بھی آرمی چیف سے ملاقات کی تردید کر دی، ان کا کہنا تھا کہ اگر شیخ رشید نے میری آرمی چیف سے ون آن ون ملاقات کی بات کی ہے تو انہوں نے جھوٹ بولا ہے۔