لاہور: (دنیا نیوز) منی لانڈرنگ کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 24 ستمبر تک توسیع کر دی۔
شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔ ن لیگی صدر کو سخت حفاظتی انتظامات میں عدالت پیش کیا گیا۔دوران سماعت شہباز شریف نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ ایسے فیصلے کیے جس سے میرے اور مرحوم بھائی کے بچوں کو اربوں روپے کا نقصان ہوا، اس کا مکمل ریکارڈ عدالت پیش کرسکتا ہوں۔ شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ مریم نواز کی کل اسلام آباد میں پیشی ہے، کوئی تاریخ دے دیں ہم دلائل مکمل کرلیں گے جس پر عدالت نے 24 ستمبر کی تاریخ دیدی۔
قبل ازیں شہباز شریف نے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا آرمی چیف سے اے پی سی سے پہلے ملاقات ہوئی تھی، میں اس میٹنگ میں موجود تھا، گلگت بلتستان کے حوالہ سے میٹنگ میں بات ہوئی، میٹنگ کی خبر اگر پبلک ہو گئی ہے تو میں اس سے انکار نہیں کرتا، اس میٹنگ میں تمام پارلیمانی لیڈرز موجود تھے، مسلم لیگ کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے، میں اندر رہوں یا باہر، اے پی سی کے فیصلوں پر عملدرآمد ہوگا۔