اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں یوم فضائیہ ملی جوش وجذبے سے منایا جا رہا ہے، جنگ ستمبر میں پاکستان ائیر فورس نے بھارتی سورماؤں کو ناکوں چنے چبوا دیئے۔
پاک فضائیہ کے ہوا باز سکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے 1965 کی پاک بھارت جنگ میں ایک ڈاگ فائٹ کے دوران 5 انڈین ہنٹر جنگی طیارے ایک منٹ کے اندر مار گرائے۔ ان کا یہ کارنامہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہے۔ اس مشن میں ایم ایم عالم نے ایف 86 سیبر طیارہ اڑایا۔ مجموعی طور پر ایم ایم عالم نے 9 طیارے گرائے اور 2 کو نقصان پہنچایا۔
کراچی میں شہید راشد منہاس کے مراز پر دعائیہ تقریب ہوئی۔ شہید پائلٹ کے بھائی انجم منہاس نے پھول چڑھائے اور دعا کی، ائیر آفیسر کمانڈنگ سدرن ائیر کمانڈ عباس گھمن نے بھی قبر پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ اس موقع پر ایئر فورس کے دستوں نے شہید پائلٹ کو سلامی بھی پیش کی۔
ائیر آفیسر کمانڈنگ سدرن ائیر کمانڈ نے پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔ انہوں نے کہا مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، ملکی تاریخ جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والی مثالوں سے بھری ہے، پاک فضائیہ نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
6 ستمبر کے پہلے ہی دن پاک فضائیہ نے پٹھان کوٹ، آدم پور اور ہلواڑہ کے ہوائی اڈوں پر حملہ کیا اور 7 ستمبر کو شام 5 بجے سے پہلے دشمن کے 53 طیارے تباہ کر دیے جس کی دہشت آج تک برقرار ہے۔