اسلام آباد: (دنیا نیوز) بیلسٹک اور کروز میزائل کی مکمل رینج نے پاکستان کو دشمن کے دفاع پر واضح برتری دلا دی ہے۔ دشمن جارحیت کا ارتکاب کرے گا تو سو بار پہلے سوچے گا۔
تفصیل کے مطابق پاکستان کا میزائل سسٹم ناقابل تسخیر ہے۔ بیلسٹک ہوں یا کروز، پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی کے ہر شعبے میں دشمن پر واضح برتری حا صل ہے۔
پاکستان کی میزائل رینج میں حتف ون 70 کلومیٹر، حتف ٹو (ابدالی) 180 کلومیٹر، حتف تھری (غزنوی) 320 کلومیٹر، حتف فور (شاہین ون) ساڑھے 700، حتف فائیو (غوری ون) 1500 کلومیٹر، حتف فائیو اے (غوری) 2 ہزار کلومیڑ، حتف سکس (شاہین ٹو) 2 ہزار اور شاہین تھری 2 ہزار 700 کلومیٹر تک ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا سکتا ہے۔
میزائل ٹیکنالوجی میں پاکستان کا اہم ہتھیار ابابیل میزائل بھی ہے جو 2220 کلومیٹر تک ایک وقت میں کئی اہداف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
فضا سے زمین پر مار کرنے والے حتف آٹھ (رعد) میزائل 350 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ رعد میزائل کروز ٹیکنالوجی کا حامل سب سونک میزائل ہے۔
پاکستان میزائل ٹیکنالوجی میں سب سے اہم نصر میزائل ہے۔ ملٹی ٹیوب لانچر کے ذریعے ایک وقت میں متعدد میزائل داغے جا سکتے ہیں۔ پاکستان نے زمین سے زمین پر مار کرنے وال بیلسٹک میزائل شاہین ٹو کا بھی کامیاب تجربہ کیا۔ یہ میزائل روایتی اور ایٹمی ہتھیار لے جانے کی صلا حیت رکھتا ہے اور اس کی رینج 1500 کلومیٹر تک ہے۔
پاکستانی نیوی نے بھی ملکی سطح پر تیار کیے گئے کروز میزائل کا بھی تجربہ کیا جو خشکی اور سمندر میں ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
فروری 2020ء میں پاکستان نے کروز میزائل رعد ٹو کا کامیاب تجربہ کیا۔ رعد ٹو جدید ترین گائیڈنس اور نیو گیشن سسٹم سے لیس میزائل ہے جو 600 کلومیٹر تک زمین اور سمندر میں مار کر سکتا ہے۔