لاہور(روزنامہ دنیا) پنجاب حکومت نے صنعتوں ، فیکٹریوں اور تعمیراتی شعبے کو پورا ہفتہ 24گھنٹے کام کرنیکی اجازت دیدی۔
سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نے فیکٹریوں اورتعمیراتی شعبے کو ہفتہ بھر کام کرنیکی اجازت دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، سیکرٹری ہیلتھ کیئر کیپٹن(ر) محمد عثمان نے کہا فیکٹریاں پورا ہفتہ 24 گھنٹے کام کرسکیں گی، تعمیرات سے متعلقہ تمام شعبہ جات اور کاروبار بھی پوراہفتہ کام کریں گے۔
انہوں نے کہاحفاظتی تدابیر اختیار نہ کرنیوالے کاروبار فوراً بند کر دیئے جائیں گے۔ نوٹیفکیشن کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں وبائی امراض میں اضافے کو روکنے کے حوالے سے عوامی بیداری مہم کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں شرکا کو بتایا گیا کہ ملک میں کورونا وائرس پھیلنے میں واضح طور پر کمی واقع ہوئی ہے تاہم مہلک بیماری پوری طرح سے ختم نہیں ہوئی، امراض میں اضافہ روکنے کے حوالے سے عوامی بیداری مہم تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک 2608 نئے آکسیجن بیڈز کو ملک بھر کے ہسپتالوں میں شامل کر دیا گیا ہے۔
کورونا وائرس صورتحال
پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 81 ہزار 863 ہوچکی ہے۔ مہلک وائرس نے 21 افراد کی جان لے لی، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 35 تک پہنچ گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 727 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 93 ہزار 847، سندھ میں ایک لاکھ 22 ہزار 373، خیبر پختونخوا میں 34 ہزار 359، بلوچستان میں 11 ہزار 793، گلگت بلتستان میں 2 ہزار 234، اسلام آباد میں 15 ہزار 141 جبکہ آزاد کشمیر میں 2 ہزار 116 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 20 لاکھ 58 ہزار 872 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 15 ہزار 1 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 2 لاکھ 56 ہزار 58 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 809 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
اب تک پنجاب میں 2 ہزار 162، سندھ میں 2 ہزار 245، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 215، اسلام آباد میں 167، بلوچستان میں 136، گلگت بلتستان میں 55 اور آزاد کشمیر میں 55 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھےہیں۔