اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا ہے کہ سیاحت، شادی ہالز، پارکس اور ریسٹونٹس کھولنے کی اجازت کے حوالے سے صوبوں کے ساتھ مشاورت کی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر حماد اظہر نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وفاقی حکومت کی کورونا بارے آئندہ اقدامات کے لئے صوبوں سے مشاورت جاری ہے، مختلف شعبوں کو ایس او پیز کے تحت کھولنے کے لئے این سی او سی کی سطح پر صوبوں سے مشاورت کی جا رہی ہے، مارکیٹوں کے اوقات کار پر بھی نظر ثانی کے لئے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
حماد اظہر نے بتایا کہ ہم نے اس ضمن میں تجاویز لی ہیں، صوبوں کو کہا گیا ہے کہ اس ضمن میں ایس او پیز فائنل کریں، یہ تمام تجاویز وزیراعظم کی زیر صدارت این سی او سی کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں گی، اس ضمن میں آئندہ چند روز میں وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوگا جس میں حتمی فیصلے کئے جائیں گے۔