کوئٹہ: (دنیا نیوز) عید میں ایک روز باقی رہ گیا، پردیسیوں نے اپنے اپنے علاقوں کا رخ کر لیا مگر کرایوں میں اضافے سمیت دیگر مشکلات نے ان کے لئے کئی پریشانیاں کھڑی کر دی ہیں۔
صوبائی دارلحکومت کوئٹہ کی آبادی کا بڑا حصہ ان پردیسیوں سے آباد ہے جو اپنے علاقوں سے مزدوری اور روزگار کے لئے یہاں رہ رہے ہیں مگر عید کا تہوار اپنے پیاروں کے ساتھ منانے کے لئے اپنے آبائی علاقوں میں ہی جاتے ہیں، آج ان پردیسیوں کا رش بس اڈوں میں بڑھ گیا۔
پردیسی ایک جانب جہاں خوش دکھائی دے رہے تھے وہیں ٹکٹ مہنگا یا نہ ملنے پر پریشان بھی تھے مگر پریشانی کے باوجود ان کے چہروں پر اپنے پیاروں کے ساتھ ملکر کر عید منانے کی خوشیاں بھی عیاں تھیں۔
ٹرانسپورٹر کا کہنا تھا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث کرائے بڑھائے گئے ہیں جبکہ ریلوے کی جانب سے بھی اس بار عید کے لئے خصوصی عید ٹرین بھی نہیں چلائی گئی۔