ملک میں ٹائیفائیڈ کا خطرہ، قومی ادارہ صحت کا ہدایت نامہ جاری

Last Updated On 20 July,2020 09:40 pm

کراچی: (روزنامہ دنیا) کورونا کے ساتھ عوام کو ایک اور پریشانی کا سامنا، ٹائیفائیڈ کا خطرہ منڈلانے لگا، اس سلسلے میں قومی ادارہ صحت نے صوبوں کو ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔

قومی ادارہ صحت کی جانب سے جاری ایڈوائزری کا مقصد متعلقہ حکام کو ٹائیفائیڈ سے متعلق بروقت خبردار کرنا ہے۔ ہدایت نامے کے مطابق متعلقہ حکام ٹائیفائیڈ کا پھیلاؤ روکنے کیلئے بروقت تیاری کریں۔

ملک میں 2016ء سے مزاحتمی ٹائیفائیڈ کے کیس آ رہے ہیں۔ تین دن بخار، پیٹ درد اور قبض ٹائیفائیڈ کی علامات ہیں۔ ٹائیفائیڈ کا بیکٹریا منہ کے راستے انسانی جسم میں داخل ہوتا ہے۔

آلودہ پانی، فروزن فروٹس، ناقص خوراک ٹائیفائیڈ پھیلاؤ کا سبب ہیں۔ ٹائیفائیڈ کے مریض سے دیگر افراد کو مرض لاحق ہو سکتا ہے۔ قومی ادارہ صحت کی ایڈوائزری کے مطابق خون اور پیشاب کے نمونے سے ٹائیفائیڈ کی تشخیص ممکن ہے۔

ٹائیفائیڈ بخار کا دورانیہ 6 تا 14 روز تک جاری رہتا ہے۔ صفائی کا نظام بہتر بنایا جائے۔ واش روم استعمال کرنے کے بعد صابن سے ہاتھ دھوئیں۔ کھانا بنانے اور کھانے سے قبل صابن سے ہاتھ دھوئیں۔

کھانے سے قبل سبزی اور پھل کو اچھی طرح دھویا جائے۔ شہری ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کیلئے پانی ابال کر استعمال کریں۔ ہدایت نامے میں یہ بھی تاکید کی گئی کہ بازار میں کھلے عام فروخت ہونے والی کھانے پینے کی اشیا استعمال نہ کی جائے۔