سول ہسپتال فیصل آباد: 3 میں سے 2 ایکسرے مشینیں خراب، مریض خوار

Last Updated On 16 July,2020 02:23 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) سول ہسپتال فیصل آباد کی 3 میں سے 2 ایکسرے مشینیں خراب ہونے کے باعث سیکڑوں مریضوں کا بوجھ ایک ہی مشین پر پڑگیا جہاں پر مینول اور ڈیجیٹل ایکسرے کے لئے مریضوں کو گھنٹوں خوار ہونا پڑتا ہے۔

سول ہسپتال فیصل آباد کا دوسرا بڑا ہسپتال ہے جہاں پر طبی سہولیات کے فقدان سے مریضوں کو انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کی ایکسرے مشین گزشتہ 6 ماہ سے بند ہے جبکہ گزشتہ 5 روز سے ریڈیالوجی وارڈ کی ایکسرے مشین بھی خرابی کے باعث بند کر دی گئی ہے۔

ہسپتال آنے والے سیکڑوں مریض ایک ہی مشین پر ایکسرے کروانے پر مجبور جہاں پر انہیں کئی گھنٹے تک سخت گرمی میں انتظار کی سولی پر لٹکنا پڑتا ہے۔ ہسپتال میں مینول اور ڈیجیٹل ایکسرے کی فیس 200 روپے سے 500 روپے تک ہے جبکہ باری نہ آنے پر مریض یہی ایکسرے پرائیوٹ لیبارٹری سے 1000 روپے تک کروا رہے ہیں۔

ڈپٹی میڈیکل سپرنٹندنٹ ڈاکٹر علی رضا نے کہا ہے کہ مشینوں کی جلد مرمت کروا لیں گے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ خراب ایکسرے مشینیں فوری مرمت نہ کروائی گئیں تو اضافی بوجھ کے باعث ریڈیالوجی وارڈ کی واحد فعال مشین بھی جلد خراب ہونے کا خدشہ ہے۔