لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں ماسک پہننے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ پبلک مقامات، مارکیٹوں، بازاروں اور پارکوں میں ماسک پہننے کی پابندی پر عمل کرایا جائے گا، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی تازہ ترین صورتحال اور حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مریضوں کے علاج معالجے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن، ماہر طب ڈاکٹر محمود شوکت، پی کے ایل آئی کے ڈاکٹر جاوید حیات خان اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
وزیر اعلی کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ ماسک پہننا شہریوں کی حفاظت کیلئے ضروری ہے، شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ گھر سے نکلتے وقت شہری ماسک لازم پہنیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ پنجاب کے ہسپتالوں میں خالی بیڈز بھی موجود ہیں اور وینٹی لیٹرز بھی۔ ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے کیلئے ضروری ادویات دستیاب ہیں پنجاب حکومت نے متاثرہ مریضوں کو گھروں میں آئسولیشن کی اجازت دے دی ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کورونا کا پھیلاؤ روکنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے ضروری اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔ کاروبار کی اجازت ایس او پیز پر عملدرآمد سے مشروط ہے۔ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بزنس ہاؤسز کے خلاف کارروائی ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے میں مصروف ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ آزمائش کی اس گھڑی میں ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل سٹاف کو سلام پیش کرتے ہیں۔