ملک کو جس طرح سے لوٹا گیا اس پر مٹی پاؤ والی پالیسی نہیں اپنائی جاسکتی: اجمل وزیر

Last Updated On 03 June,2020 03:18 pm

پشاور: (دنیا نیوز) اجمل وزیر نے کہا ہے کہ ملک کو جس طرح سے لوٹا گیا اس پر مٹی پاؤ والی پالیسی نہیں اپنائی جاسکتی، باہر سے پیسہ واپس لائیں اور غریب عوام کی مدد کریں، کرپشن کرنے والوں کو حساب دینا پڑے گا۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر کا میڈیا بریفنگ میں کہنا تھا کہ عوام کا پیسہ لوٹنے والوں کو چاہئے کہ عوام کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لا کر عوام کو دیں کیونکہ عوام اس وقت مشکل صورتحال سے گزر رہے ہیں، عمران خان کی حکومت میں سب کو جواب دینا پڑے گا، عوام کا پیسہ لوٹنے والوں کے لیے کورونا کو شیلٹر نہیں بننے دیں گے، کمرے میں بیٹھ کر لیپ ٹاپ کے ذریعے تقرریں کرنا عوام کی خدمت نہیں ہے۔

اجمل وزیر کا کہنا تھا دکانیں کھلے رکھنے میں مزید ایک دن اور اوقات کار میں 2 گھنٹے کی توسیع دی گئی ہے، کاروبار ہفتہ اور اتوار کے دن مکمل بند رہینگی، پہلے سے ضروری قرار دئیے گئے کاروبار اور دکانیں پورا ہفتہ شام 7 بجے تک کھلی رہیں گی، میڈیسن کی دکانیں، تندور، ہتھ ریڑی، دودھ شاپس اور سپلائی چین پورا ہفتہ کھلی رہیں گی۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے مزید کہا صوبائی حکومت کے محاصل کا بڑا حصہ مرکزی حکومت سے آتا ہے، سال 2019-20 کے صوبائی ترقیاتی بجٹ کا تخمینہ 108 ارب روپے تھا جس میں اب تک صرف 78 ارب روپے وصول ہوئے ہیں کیونکہ کورونا کی وجہ سے محاصل کم ہوئے ہیں، ضلعی ترقیاتی بجٹ کی مد میں 3 ارب روپے ریلیز ہوئے ہیں جن میں سے 2.5 ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں جو کہ 77 فیصد بنتے ہیں۔

اجمل وزیر نے ممبر قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور ممبر خیبر پختونخوا اسمبلی میاں جمشید الدین کاکاخیل کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔