اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے انسداد منشیات و سیفرون شہر یار آفریدی بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے، ڈاکٹر کی ہدایت پر خود کو قرنطینہ کر لیا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں وزیر مملکت شہریار آفریدی نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا ہے میرا کرونا وائرس ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے اور میں نے ڈاکٹرز کی ہدایت پر اپنے آپ کو گھر پر آئسولیٹ کرلیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ رب ذوالجلال سے دعا ہے کہ وطن عزیز کو موذی وبا سے محفوظ بنائے اور وزیراعظم عمران خان سرخرو ہوں۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 66 ہزار 457 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 78 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد ایک ہزار 395 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2429 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 24 ہزار 104، سندھ میں 26 ہزار 113، خیبر پختونخوا میں 9 ہزار 67، بلوچستان میں 4 ہزار 87، گلگت بلتستان میں 660، اسلام آباد میں 2 ہزار 192 جبکہ آزاد کشمیر میں 234 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 5 لاکھ 32 ہزار 37 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12 ہزار 20 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 24 ہزار 131 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔