اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین این ڈی ایم اے نے پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ ایس او پیز پر عمل کریں، جولائی کے آغاز میں کورونا عروج پر ہو سکتا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ ہم روز نئے ڈیٹا کی بنیاد پر اگلے ایک مہینے کی پروجیکشن کرتے رہتے ہیں۔ کورونا وائرس کی ابھی تک کی صورتحال ہمارے ماڈلز اور توقعات کے قریب ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ‘’دنیا کامران خان کیساتھ’’ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ڈیٹا کے مطابق ہم اپنے پروجیکشنز میں تبدیلی کرتے رہتے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کا عروج جولائی کے آغاز میں دیکھا جا سکتا ہے۔
انہوں نے پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ کورونا سے متعلق ایس او پیز پر عمل کریں۔ سماجی دوری اور ماسک کا استعمال کرکے ہم اس پر قابو پا سکتے ہیں۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کے نجی شعبے میں 12 ہزار آئی یو بیڈز میں سے ساڑھے 9 ہزار خالی ہیں۔ دقت یہ ہے کہ صوبوں میں ہسپتالوں کی مینجمنٹ درست طور پر نہیں ہو رہی۔ عنقریب ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو صوبوں کے ساتھ مل کر ہسپتالوں میں سہولیات پر نظر رکھے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی معاشرے میں قانون پر عملدرآمد نہ کرنے کا ایک اجتماعی رویہ پایا جاتا ہے۔ مساجد میں بڑی مشکلوں سے ایس او پیز کا اطلاق کرایا گیا۔ حکومت مسلسل لوگوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے اور ماسک پہننے کا کہہ رہی ہے۔ کورونا وائرس اتنا جلدی جانے والا نہیں، یہ ہماری زندگیوں کا حصہ بننے والا ہے ہمیں۔ کورونا سے بچاؤ کی تدابیر اپنا کر اس کے ساتھ رہنا ہوگا۔