وزیراعلیٰ پنجاب کا پی ڈی ایم اے ملازمین کیلئے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ کا اعلان

Last Updated On 03 May,2020 09:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ملازمین کیلئے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ کا اعلان کر دیا۔ عثمان بزدار کہتے ہیں کہ انصاف امداد پروگرام کے بعد رمضان پیکج بھی شروع کیا جائے گا۔

تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور کنٹرول روم کے مانیٹرنگ سسٹم کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انھیں ٹڈی دل، کورونا صورتحال، انصاف امداد پروگرام اور فلڈ پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ تمام اضلاع میں سوا آٹھ لاکھ حفاظتی گاؤن، سوا سات لاکھ این 95 ماسک اور دیگر سامان فراہم کیا جا چکا ہے۔ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز اور اضلاع کو کورونا سے نمٹنے کیلئے 2 ارب 27 کروڑ روپے کے فنڈز بروقت فراہم کئے گئے۔

عثمان بزدار کو بتایا گیا کہ بلوچستان اور دیگر صوبوں سے ممکنہ طور پر آنے والے ٹڈی دل کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ پنجاب بھر میں 28 لاکھ ایکڑ رقبہ ٹڈی دل سے صاف کرایا جا چکا ہے۔

وزیراعلیٰ نے پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ملازمین کیلئے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم اے قابل قدر کردار ادا کر رہا ہے۔