'آزادی صحافت کیلئے قربانیاں دینے والے صحافیوں کو سلام پیش کرتے ہیں'

Last Updated On 03 May,2020 02:39 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ آزادی صحافت کیلئے قربانیاں دینے والے صحافیوں کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کہتے ہیں کورونا وبا کے مشکل حالات میں بھی ہماری صحافی برادری فرنٹ لائن پر موجود ہے۔

آزادی صحافت کے عالمی دن پر پیغام میں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ میڈیا نے معاشرے میں اجتماعی شعور بیدار کرنے کیلئے ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔ جمہوریت کا فروغ میڈیا کی آزادی سے مشروط ہے۔ سچ اور حق کیلئے کھڑے ہونے والے صحافی معاشرے کا چہرہ بن جاتے ہیں۔ عثمان بزدار نے کہا کہ آزادی صحافت ہی کسی معاشرے کے اجتماعی شعور کا آئینہ دار ہوتی ہے۔ ذمہ دار صحافت کو مذہبی، سماجی اور معاشرتی حدود و قیود سے آزاد نہیں ہونا چاہیئے۔

وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آج کا دن پاکستانی صحافی برادری کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ پاکستانی میڈیا عوام کی مستند معلومات تک رسائی کے حق کی بخوبی حفاظت کر رہا ہے۔ میڈیا کسی بھی ریاست کے کان اور آنکھ کا کردار ادا کرتا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف میڈیا کو ریاست کا چوتھا ستون سمجھتی ہے۔ وزیرِاعظم عمران خان نے حکومت میں آتے ہی میڈیا انڈسٹری کے بقایا جات ادا کیے۔ بزدار حکومت نے کورونا وبا کے دوران پیشہ ورانہ رپورٹنگ پر خصوصی میڈیا ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ ورلڈ پریس فریڈم ڈے کی مناسبت سے عالمی برادری کی توجہ کشمیر میں صحافیوں کے ساتھ ظلم کی طرف دلانا چاہتا ہوں۔ کشمیر میں صحافیوں کو بھارتی جمہوریت کا مکروہ چہرہ دکھانے پر ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔ مسرت زہرہ، گوہر گیلانی اور پیرزادہ عاشق کے خلاف مقدمات بھارتی جمہوریت اور سیکولرزم کے دعووں کی نفی ہے۔