کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے کورونا سے بچاو کیلئے ایک مرتبہ پھر نماز جمعہ کے دوران صوبے بھر میں 3 گھنٹے کے مکمل لاک ڈاون کا فیصلہ کیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ دوپہر 12 سے 3 بجے تک شہریوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی عائد ہو گی جبکہ ٹریفک کو بھی سڑکوں پر آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ متعلقہ اداروں کو حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
دریں اثنا پنجاب، خیبر پی کے اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں نے بھی نماز جمعہ کے دوران کورونا سے بچاو کیلئے جاری ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ جمعے بھی کورونا وبا سے بچاو کیلئے ایسے ہی اقدامات کئے گئے تھے۔