لاہور: (مانیٹرنگ ڈیسک) عالم دین مولانا طارق جمیل ٹی وی پروگرام میں ملک کی موجودہ صورتحال پر آبدیدہ ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اگر زکوة نکالیں تو کوئی بھوکا نہیں رہے گا۔ مشکل صورت حال ہے حکومت کو چاہیے اپوزیشن کو ساتھ ملائے۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ میں مجھے بہت گالیاں پڑیں لیکن میرا دل صاف ہے۔ قوم کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ رشوت نہ دیں، ملاوٹ نہ کریں، وعدہ خلافی نہ کریں، ظلم نہ کرو، انصاف کرو۔ جھوٹ بولنا چھوڑ دیں اور ہمیشہ سچ بولیں۔
مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ میں نے ہر وزیراعظم کے لئے دعا کی ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی قبروں پر جا کر فاتحہ پڑھی۔ حاکم کا ایک غلط فیصلہ ملک کو تباہ کر سکتا ہے اور ایک صحیح قدم ملک کو بچا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اس وقت حاکم وقت ہے، ان کو دعا کی زیادہ ضرورت ہے۔مزاج امت نرمی اور مقصد امت اللہ کا پیغام پہنچانا ہے۔ ہم سیاسی لحاظ سے بھی گروہ بن چکے اور مذہبی لحاظ سے بھی۔ کورونا سے متعلق موجودہ صورتحال میں احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ مالدار افراد غریبوں کے گھر جا کر راشن پہنچائیں۔