بیجنگ: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین نے مختصر مدت میں اتنی بڑی وبا پر قابو پا کر مثال قائم کر دی ہے۔ کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان چین کے تجربات سے فائدہ اٹھا رہا ہے۔
چینی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بیجنگ نے وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان کی معاونت کی۔ اگر معاشی ریلیف فراہم کی تو پاکستان کیلئے بڑی مددگار ثابت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ چین نے بڑی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ دنیا میں کوئی بھی یہ تصور نہیں کر پا رہا تھا۔ اتنے محدود عرصے میں چینی حکومت، عوام اور قیادت نے موثر طریقے سے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے دنیا کو پیغام دیا کہ ان میں چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے بھی چین کے تجربات سے سیکھا ہے اور ہم اس کو اپنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم نے ضروری پروٹوکولز نافذ کر دیئے ہیں۔ مثال کے طور پر قرنطینہ سے متعلق پراسیجرز اور داخلی حصوں میں سکریننگز کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑے اجتماعات سے روک دیا گیا ہے۔ ہم احتیاطی اقدامات کر رہے ہیں مگر چیلنج پھر بھی موجود ہے۔ چین نے ہمیں ہر طرح کی پیش کی۔ صورتحال کی جانچ کے لئے میڈیکل ٹیمز بھیجیں، ٹیسٹنگ کٹس دیں، تھرمل سکینرز بھی دیئے، حفاظتی سامان بھی دیا، اگر معاشی ریلیف فراہم کیا گیا تو یہ بڑا مددگار ثابت ہوگا۔