اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کرونا وائرس کی عالمی وبا کے معاملے پر قوم کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان جلد قوم سے خطاب کریں گے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ اجلاس میں قومی امور قومی سلامتی اور عوام کی فلاح بہبود کے حوالے سے فیصلے کیے گئے جبکہ ملک کی قومی معشیت پر کرونا کے اثرات کے حوالے سے بھی بات ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ مہنگائی پر کنٹرول، معاشی استحکام، قرضوں میں کمی لانا اور ریونیو میں اضافہ آج بجٹ سٹریجٹی پیپر میں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزارت توانائی نے کابینہ کو ترسیلی نظام، لائن لاسز اور متعلقہ امور پر بریف کیا۔ توانائی کے شعبے میں گردشی قرضے اہم چیلنج ہیں۔ پاور سکیٹر میں کیے اقدامات عوام کو ریلیف دینے کے لئے ہیں۔ سابقہ حکومتوں کے معاہدوں کی وجہ سے بجلی مہنگی ہوئی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں 8 ماہ میں مشکل حالات کے باجود تاریخی اہداف پورے کیے۔ مجوزہ اقدامات سے مہنگائی پر کنٹرول کرنے کے ساتھ معاشی ترقی ہوگی۔ مشیر خزانہ نے معیشت کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے برآمدات میں اضافے کےلیے اقدامات کو سراہا۔ موجودہ حکومت نے 5 ہزار ارب روپےملکی قرضوں کی مد میں واپس کیے۔