اسلام آباد: (دنیا نیوز) کرونا کی صورتحال کے پیش نظر پیپلز پارٹی نے تمام غیر ضروری سیاسی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔ بلاول بھٹو نے وزیراعظم کو وزیراعلیٰ سندھ کی سفارشات فوری نافذ کرنے کی تجویز دے دی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ ہر فرد کی حفاظت کے تناظر میں کچھ اہم اعلانات کرنے ہیں۔ پیپلز پارٹی تمام غیر ضروری سیاسی سرگرمیوں کو معطل اور موخر کر رہی ہے۔
بلاول بھٹو نے ہدایات جاری کیں کہ جیالے کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے لوگوں کی مدد کریں، آگاہی پھیلائیں، کمزوروں کی مدد کریں، سماجی دوری کی مشق کریں اور حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کریں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے 4 اپریل کو ہونے والا اجتماع بھی موخر کر دیا گیا ہے۔ عوام کو موبلائز کرنے کی تمام سرگرمیاں فوری طور پر بند کی جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں سندھ حکومت کا شکر گزار ہوں کہ وہ سب کچھ کر رہے ہیں جو ان کے اختیار میں ہے۔ کرونا بحران سے نمٹنے کیلئے سندھ حکومت تمام حکومتوں سے بہتر ہے۔ وزیراعظم سے اپیل کرتا ہوں کہ وزیراعلیٰ سندھ کی سفارشات کا فوری نفاذ کریں۔