کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے ایران سے واپس آنیوالے چھ سو سے زائد زائرین کی سکریننگ کر لی ہے، کوئی نیا مریض سامنے نہیں آیا۔ مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کہتے ہیں کہ شہری خوف کا شکار نہ ہوں، تعلیمی ادارے پیر سےکھول دئیے جائینگے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ کرونا وائرس کے متاثرہ مریض کی فیملی اور دیگر 28 افراد کو ٹیسٹ کے بعد کلیئر قرار دیا گیا ہے۔ تاہم مقامات مقدسہ کی زیارت کے لیے گئے چار سو افراد اب بھی ایران میں ہیں۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ ماسک ذخیرہ کرنیوالوں کےخلاف کاروائی ہو رہی ہے۔ اس موقع پر ملک کے معروف معالج ڈاکٹر عبدالباری نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ ہر فرد کو ماسک پہننے کی ضروررت نہیں ہے۔
ادھر سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کرونا وائرس سکریننگ کے نتائج کی بنیاد پر دومارچ سے تعلیمی ادارے کھول دئیے جائینگے۔