اسلام آباد: (دنیا نیوز) ارکان سینیٹ نے کرونا وائرس پر تشویش کو اظہار کرتے ہوئے اس کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کر دیا ہے۔
سینیٹ اجلاس میں کرونا وائرس کے معاملے پر بحث کی گئی۔ ارکان سینیٹ نے وائرس سے بچاؤ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر پارلیمان کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بتائے کہ اس وائرس سے بچاؤ کے لئے کیا اقدامات کئے جا رہے ہیں؟
مسلم لیگ ن کے رکن مشاہد اللہ خان نے وزیر صحت کی عدم موجودگی پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔ ارکان سینیٹ نے ماسک کی قلت کا معاملہ ایوان میں اٹھاتے ہوئے کہا کہ مارکیٹس سے ماسک غائب کرنا قابل افسوس عمل ہے۔ ارکان پارلیمنٹ نے وائرس سے بچاؤ سے متعلق حکومتی اقدامات پر تنقید بھی کی۔
ادھر حکومت نے کرونا وائرس کے معاملے پر پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کا اجلاس بلانے کی تجویز دے دی ہے۔ قائد ایوان شبلی فراز نے ایوان کو بتایا کہ کرونا کی تشخیص کے لیے ملک میں دو لیب قائم کی گئی ہیں۔ کرونا کے لئے 120 لوگوں کو ٹیسٹ کیا گیا، کراچی میں ایک اور اسلام آباد میں ایک مریض میں تشخیص ہوئی۔ تاہم اب دونوں کی حالت بہتر ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ سینیٹ ائیرپورٹ پر سکرینگ کے لیے مزید موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔ ہسپتالوں میں آسولیئشن وارڈ ہیں۔ حکومت کرونا وائرس کے حوالے سے الرٹ ہے۔ اس حوالے سے ٹاسک فورس قائم ہے۔ قومی کور کمیٹی اس کا جائزہ لے رہی ہے۔