کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں 32 افراد کی ٹیسٹ رپورٹ آگئی، کسی میں کرونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔ محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ شہری خوفزدہ نہ ہوں، صورتحال قابو میں ہے۔
کراچی میں متاثرہ نوجوان کے دوستوں، کلاس فیلوز اور اہل خانہ کو ٹیسٹ کے بعد کلیئر قرار دے دیا گیا، تمام کی ٹیسٹ رپورٹ نیگیٹو آگئیں، دو روز میں ڈاو یونیورسٹی ہسپتال میں 32 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے تھے۔
ادھرسندھ ہائیکورٹ میں اچانک ماسک کی قلت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ جسٹس محمد علی مظہر نے کہا ماسک تو مل رہے ہیں، کمرہ عدالت میں بھی بچی نے پہنا ہوا ہے۔ جج نے بچی سے کہا بیٹا آپ نے ماسک کہاں سے لیا ہے۔ بچی نے جواب دیا بہت مشکل سے مارکیٹ سے ملا جس پر کمرہ عدالت قہقہوں سے گونج اٹھا۔
وکیل نے کہا مشکل گھڑی میں لوٹ مار مچائی جا رہی ہے۔ عدالت نے وفاقی حکومت، کمشنر کراچی اور دیگر کونوٹس جاری کرتے ہوئے 6 مارچ کو جواب داخل کرنے کی ہدایت کر دی۔