لاہور: (دنیا نیوز) کرونا وائرس کے معاملے پر مسلم لیگ ن نے فوری طور پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا مطالبہ کر دیا، حکومتی سطح پر آگاہی مہم چلانے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروائی گئی۔
قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن عظمیٰ بخاری نے جمع کرائی جس میں کہا گیا ہےکہ حکومتی وزرا بیان بازی کی بجائے عملی اقدامات پر توجہ دیں، ایوان پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز سامنے آنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے، وائرس کے کیسز سامنے کے بعد معاون خصوصی ظفر مرزا کے دعووں کی قلعی کھل گئی ہے، ملک میں کرونا کیسز سامنے آنے پر قوم میں تشویش پائی جاتی ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کی روک تھام کے لئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے۔
قرارداد میں کرونا وائرس سے متعلق فوری آل پارٹیز کانفرنس طلب کر کے حکومتی سطح پر آگاہی مہم چلانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔