غریب عوام کی تکالیف پر حکومت خاموش تماشائی نہیں بن سکتی: وزیرِاعظم

Last Updated On 10 February,2020 05:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے واضح اور دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریب عوام کی تکالیف پر حکومت خاموش تماشائی نہیں بن سکتی، ریلیف کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان کے زیر صدارت عوام الناس خصوصاً غریب اور تنخواہ دار طبقے کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔

اجلاس میں معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر، چئیرمین یوٹیلیٹی سٹورز ذوالفقار علی خان، وزارتِ خزانہ، صنعت وپیداوار اور سماجی تحفظ ڈویژن کے وفاقی سیکرٹری صاحبان، ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹور اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں غریب اور تنخواہ دار طبقے کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے اور اشیائے ضروریہ سستے نرخوں پر فراہمی کے حوالے سے اقدامات پر غور کیا گیا۔

عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے وزیرِاعظم کی جانب سے لیے گئے بڑے فیصلوں کا اعلان کل کابینہ کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح پاکستان کی عوام اور خصوصاً غریب اور تنخواہ دار طبقہ ہے جس کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے حکومت ہر حد تک جائے گی۔