پاکستان پر حملہ مودی کی آخری غلطی ہوگی، وزیراعظم عمران خان

Last Updated On 06 February,2020 10:00 pm

میرپور: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اپنے ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں، لگتا ہے مودی نے تاریخ نہیں پڑھی۔ دنیا کو بتاتے جائیں گے کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم ہو رہا ہے، جس دن کرفیو اٹھے گا، انسانوں کا سمندر نکلے گا۔

 یکجہتی کشمیر ریلی سے وزیر اعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا 5 اگست سے پہلے دنیا کشمیر کو بھول چکی تھی، 5 اگست سے پہلے دنیا کشمیر کو بھول چکی تھی، پاکستان کے سربراہ بھی کشمیر کا نام نہیں لیتے تھے، مقبوضہ وادی میں 5 اگست کے بعد 80 لاکھ کشمیری مشکل ترین امتحان سے گزر رہے ہیں، سارا پاکستان آج مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے، اللہ تعالیٰ کو سب سے زیادہ صبر کی صفت پسند ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا مودی نے ساری انتخابی مہم میں انتہا پسند بیانات دیئے، بھارت کا بڑی بڑی مونچھوں والا پائلٹ گرا، ہم نے واپس کر دیا، مودی نے کہا پاکستان نے ڈر کر پائلٹ واپس کر دیا، بھارت کہتا تھا کشمیر ہمارا اندرونی مسئلہ ہے، مودی پاکستان مخالف مہم چلا کر بھاری اکثریت سے الیکشن جیتا، وہ کہتا رہا میں بھارت کا چوکیدار ہوں، مودی نے بالا کوٹ میں ہمارے درخت شہید کر دیئے، مجھے سخت تکلیف ہوتی ہے جب ہمارے درختوں کو شہید کیا جائے۔

عمران خان نے مزید کہا سلامتی کونسل میں 3 بار مسئلہ کشمیر زیر بحث آیا، امریکی کانگریس، یورپی یونین، برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر بات ہوئی، جانتا ہوں کشمیریوں پر ظلم ہو رہا ہے وہ مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، وعدہ کیا تھا کشمیر کا سفیر بنوں گا، یہاں وزیراعظم نہیں، کشمیر کے سفیر کی حیثیت سے کھڑا ہوں، امریکی صدر سے 3 بار مسئلہ کشمیر پر بات کی، کینیڈین، برطانوی وزیراعظم، فرانسیسی صدر، جرمن چانسلر سے بھی بات کی، آج دنیا مسئلہ کشمیر اور آر ایس ایس کا نظریہ سمجھ چکی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو زیادہ دیر تک نہیں رہ سکے گا، کشمیر سے جس دن کرفیو اٹھا انسانوں کا سمندر نکلے گا، لگتا ہے مودی نے تاریخ نہیں پڑھی، ڈگری جعلی تھی، دنیا کی طاقتور فوج 20 سال سے افغانستان میں ہے، دنیا کی دو سب سے طاقتور فوجیں روس کی سردی میں تباہ ہوئیں۔