عمران خان کو اتحادیوں سے نہیں اپنے لوگوں سے خطرہ ہے: چودھری شجاعت حسین

Last Updated On 01 February,2020 08:01 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کو اپنا ساتھی سمجھتے ہیں اور انہیں بھی چاہئے کہ ہمیں اپنا ساتھی سمجھیں نہ کہ دشمن۔ عمران خان کو اتحادیوں سے کوئی خطرہ نہیں، اپنے ہی لوگوں سے خطرہ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اتحادی ہونے کے علاوہ ساتھی بھی ہیں، ساتھ نبھانا خوب جانتے ہیں، ہماری پارٹی بے شک چھوٹی ہے لیکن تجربے کے لحاظ سے دوتہائی اکثریت کے ساتھ حکومت بھی کر چکے ہیں۔

ق لیگی سربراہ کا کہنا تھا کہ چودھری پرویزالٰہی، طارق بشیر چیمہ، مونس الٰہی کے بیانات سچائی اور حب الوطنی کی عکاسی کرتے ہیں، اتحادی ہمیشہ اتحاد اور مساوات پر یقین رکھتے ہیں۔

چودھری شجاعت حسین کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کو اپنا ساتھی سمجھتے ہیں اور انہیں بھی چاہئے کہ ہمیں اپنا ساتھی سمجھیں نہ کہ دشمن، ہمارے بیانات کا بعض دوست ان کا غلط مطلب نکال کر عمران خان کو کلپ دکھا کر اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو اتحادیوں سے کوئی خطرہ نہیں، اپنے ہی لوگوں سے خطرہ ہے، گارڈین کی غلط خبر پر ہم نے تین ماہ میں مقدمہ جیت لیا تھا، دیکھتے ہیں کہ شہبازشریف لندن میں کیس کہاں تک چلاتے ہیں۔

ق لیگی سربراہ کا کہنا تھا کہ جو بھی آئے جائے ایک چیز یاد رکھے کہ ن لیگ کا ووٹ بینک نوازشریف کا ہے، شہبازشریف نوازشریف کے سامنے زیرو ہیں۔