اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے آئی جی سندھ سید کلیم امام کی تبدیلی کا معاملے پر ایک اور نام نام تجویز کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاق کی جانب سے عمران احمر کا نام تجویز کیا گیا ہے۔ گورنر سندھ، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے ملاقات میں عمران احمر کے نام پر مشاورت کریں گے۔
وفاقی کابینہ نے مشتاق مہر، غلام قادر تھیبو اور کامران فضل کے ناموں پر اعتراض کیے تھے۔ گورنر اور وزیراعلی سندھ کے مکمل اتفاق کے بعد ہی نیا آئی جی سندھ تعینات ہوگا۔
ادھر ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے آئی جی پولیس کے معاملے پر گورنر سندھ سے مشاورت نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ یہ انتظامی معاملہ ہے۔ آئین اور قانون میں گورنر سے مشاورت کا ذکر نہیں ہے۔ کسی صوبے میں آئی جی کو ہٹانے اور تقرری کیلئے گورنر سے مشاورت نہیں ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم سے آئی جی سندھ کلیم امام کی ملاقات، امن و امان کی صورتحال پر بات چیت
خیال رہے کہ آج وزیراعظم عمران خان سے آئی جی سندھ کلیم امام کی ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے صوبہ میں امن وامان کی صورتحال سے متعلق انھیں آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق آئی جی سندھ نے وزیراعظم کو سندھ حکومت کے آئی جی تبدیل کرنے کے فیصلہ سے متعلق اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔
خیال رہے گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے آئی جی سندھ کی تعیناتی کے لئے سندھ حکومت کی جانب سے بھجوائے گئے نام حکومتی اتحادی جی ڈی اے کی جانب سے اعتراض کے بعد مسترد کر دیئے لہذا وفاقی کابینہ نے منظوری موخر کر دی۔
گورنر سندھ کو وزیر اعلی سے مشاورت کے بعد نئے نام تجویز کرنے کی ہدایات کر دی جبکہ حکومتی اتحادیوں نے بیرون سندھ سے آئی جی لانے کا مطالبہ کر دیا۔