سکندرسلطان راجہ 5 سال کیلئے چیف الیکشن کمشنر مقرر، نوٹیفکیشن جاری

Last Updated On 24 January,2020 04:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت پارلیمانی امور نے چیف الیکشن کمشنر اور 2 ممبران کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، سکندر سلطان راجہ کو 5 سال کیلئے چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔

 نوٹیفکیشن کے مطابق نثار درانی سندھ اور شاہ محمود جتوئی بلوچستان کےرکن ہوں گے، صدر مملکت عارف علوی کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: چیف الیکشن کمشنر کی تقرری، پارلیمانی کمیٹی نے سکندر سلطان راجہ کی منظوری دیدی

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے پارلیمانی کمیٹی نے سکندر سلطان راجہ کے نام کی منظوری دی تھی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو لکھے گئے خط میں 3 نام تجویز کئے گئے تھے، جس کے جواب میں شہباز شریف کے خط میں حکومت کو کہا گیا تھا کہ 25 نومبر کو شروع ہونے والے عمل کو غیر ضروری طور پر التوا کا شکار کیا جا رہا ہے، اپوزیشن کے ناموں پر بھی نظرثانی کی جائے۔ شہباز شریف نے ناصر کھوسہ، اخلاق تارڑ اور عرفان قادر کے نام تجویز کئے تھے تاہم بعد ازاں حکومت اور اپوزیشن کے مابین رابطوں میں موجودہ ناموں پر اتفاق طے پا گیا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ 6 دسمبر سے خالی تھا جبکہ سندھ اور بلوچستان کے الیکشن کمیشن ممبران کی تقرریاں بھی گزشتہ ایک برس سے نہیں ہو سکی تھیں۔

کہا جاتا ہے کہ سکندر سلطان راجہ انتہائی اچھی شہرت کے حامل بیوروکریٹ رہے۔ انہوں نے چیف سیکرٹری کے عہدے پر بھی اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔

نئے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ یکم دسمبر 1959ء کو پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق صوبہ پنجاب کے ضلع سرگودھا سے ہے۔ انہوں نے 4 جون 1987ء کو پاکستان سول سروس جوائن کی اور 30 نومبر 2019ء کو گریڈ بائیس کے افسر کی حیثیت سے ریٹائرڈ ہوئے۔ اپنی مدت ملازمت کے دوران سکندر سلطان راجہ سیکرٹری پیٹرولیم، سیکرٹری ریلوے، چیف سیکرٹری آزادکشمیر اور گلگت بلتستان بھی رہے۔