نئی دہلی: (روزنامہ دنیا) نئی دہلی حکومت رواں برس شنگھائی تعاون تنظیم کے بھارت میں ہونے والے اجلاس کی میزبانی کر رہی ہے، جس میں مودی حکومت پاکستانی وزیراعظم عمران خان کو مدعو کرے گی۔ بھارت شنگھائی تعاون تنظیم کے رواں برس اکتوبر میں ہونے والے اجلاس کی میزبانی کرے گا۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے نئی دہلی میں صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ بھارت رواں برس مختلف ممالک کے سربراہان حکومت کی میزبانی کرے گا۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے طے شدہ ضابطے کے مطابق اس اجلاس میں تنظیم کے تمام 8 رکن ممالک اور 4 مبصر ممالک سمیت بین الاقوامی مکالماتی شراکت داروں کو دعوت دی جائے گی۔
فی الحال اسلام آباد حکومت کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ عمران خان اکتوبر میں اس تنظیم کے اجلاس میں شرکت کریں گے یا نہیں۔ یہ بات بھی واضح رہے کہ ماضی میں بعض اوقات اس اجلاس میں شرکت کے لیے سربراہان حکومت کی بجائے وزرائے خارجہ بھی حکومت کی نمائندگی کرتے رہے ہیں۔ تاہم اگر عمران خان اس اجلاس میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہیں، تو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پہلا دورہ بھارت ہو گا۔