کوالالمپور: (دنیا نیوز) معروف اسلامی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے انکشاف کیا ہے کہ مودی سرکار نے شہریت قانون کی حمایت کے بدلے ان پر عائد تمام الزامات واپس لینے کی پیشکش کی ہے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ اس پیغام میں مجھ سے کہا گیا کہ شہریت قانون کی حمایت کرو تو بھارت واپسی کا محفوظ راستہ دے سکتے ہیں۔ مودی سرکار نے کشمیر میں بھارتی کارروائیوں کی حمایت کے بدلے تمام الزامات واپس لینے کی بھی پیشکش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ تین ماہ پہلے بھارتی حکام کی جانب سے ملاقات کی دعوت بھی ملی تھی۔ بھارتی اہلکار کا دعویٰ تھا کہ وہ براہ راست مودی اور امت شاہ کے کہنے پر آیا ہے۔
ذاکر نائیک نے بتایا کہ میں نے پیشکش ٹھکرا دی اور کہا کہ آرٹیکل 370 کا خاتمہ غیر آئینی ہے۔ میں غیر قانونی کام کی حمایت کر سکتا ہوں اور نہ ہی کشمیریوں کو دھوکا دے سکتا ہوں۔