راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آزاد کشمیر اور بلوچستان میں برفباری سے جانی نقصان پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں شدید بارشوں، برفباری کے باعث مجموعی طور پر 92 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی جبکہ جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا اندیشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
این ڈی ایم اے کی تفصیلات کے مطابق موسم کی خراب صورتحال کے باعث سب سے زیادہ 61 افراد آزاد کشمیر میں جاں بحق ہوئے جبکہ بلوچستان میں بارشوں، برفباری کے مختلف واقعات میں 20 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ پنجاب میں 9 جبکہ سندھ میں ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آزاد کشمیر اور بلوچستان میں برفبایر سے جانی نقصان پر پاک فوج کے سپہ سالارجنرل قمر جاوید باجوہ نے رنج و غم کا اظہار کیا ہے جبکہ متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بارشوں اور برفباری سے قیامت ٹوٹ پڑی، ملک بھر میں 92 افراد جاں بحق
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے پاک فوج کو متاثرہ علاقوں میں سول انتظامیہ کی مدد کی ہدایت کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی ہیلی کاپٹرز نے شاردہ، سرگان، بکوال، تربت میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا، پاک فوج کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف میں علاج و معالجے میں مصروف ہیں جبکہ متاثرہ خاندانوں میں خیمے، کمبل اور راشن و ادویات تقسیم کئے گئے۔
The severe snowfalls and landslides in AJK have caused misery & deaths. I have asked the NDMA, the military & all our federal ministers to immediately provide all humanitarian assistance on an emergency footing to the affected people in AJK.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) January 14, 2020
اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے این ڈی ایم اے، فوج اور وفاقی وزرا کو فوری طور پر آزاد کشمیر کے عوام سے تعاون کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔