آسٹریلوی جنگلات میں لگنے والی آگ بجھانے میں تعاون کیلئے تیار ہیں: آرمی چیف

Last Updated On 10 January,2020 08:41 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان آسٹریلیا کے جنگلات میں آگ بجھانے میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آسٹریلیا کے وائس چیف آف ڈیفنس فورسز وائس ایڈمرل ڈیوڈ جانسٹن نے پاک فوج کے سپہ سالار سے ملاقات کی، یہ ملاقات جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور ڈیوڈ جانسٹن کی ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائیسکیورٹی کےامور پر بھی بات چیت کی گئی۔

ملاقات کے دوران وائس ایڈمرل ڈیوڈ جانسٹن نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاک فوج کے کردار کی تعریف کی اور آسٹریلیا کے لیے نیک جذبات کے اظہار پر شکریہ اداکیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان آسٹریلیا کے جنگلات میں آگ بجھانے میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں۔ پاکستانی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پہلے ہی جنگلات کی آگ بجھانے کے لیے تعاون کی پیشکش کر چکے ہیں۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ کے باعث 32 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 50 کروڑ کے قریب جانور اور 30 لاکھ ہیکڑ کا رقبہ جل کر راکھ ہو گیا ہے۔