شہر میں بکھرا 6 ہزار ٹن کوڑا اٹھا لیا، ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی

Last Updated On 22 December,2019 03:14 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں صفائی کا معاملہ دنیا نیوز نے اٹھایا تو صفائی کمپنی کے سربراہ سڑکوں پر آ گئے۔ کمپنی نے دعوی کیا ہے کہ ایک ہزار ٹرپس لگائے گئے اور چھ ہزار ٹن کوڑا اٹھا لیا۔

لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے آدھے لاہور کا چارج سنبھال لیا، دس ہزار سینٹری ورکرز اور افسران چھٹی کے روز فیلڈ میں موجود ہیں، ترکی کنٹریکٹر البراک کے کام نہ کرنے پر ایل ڈبلیو ایم سی نے شہر صاف کرنے کی ٹھان لی۔

شہر میں صفائی کا معاملہ دنیا نیوز نے اٹھایا تو صفائی کمپنی کے سربراہ سڑکوں پر آ گئے۔ ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی راو امتیاز نے کہا کہ
شہر لاہور کو زیرو ویسٹ ہر حال میں کیا جائے گا۔ 135یونین کونسلز کا ایل ڈبلیو ایم سی نے چارج سنبھال لیا۔

ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے مطابق 64 ٹریکٹر ٹرالیز، اٹھارہ ڈمپرز، ساٹھ ارم رولز، اکتیس ٹریکٹر لوڈرز، سترہ پک اپس فیلڈ اور واسا کے اکیس بڑے ڈمپرز فیلڈ میں موجود ہیں۔ اندرون شہر کے لئے چھ منی ٹپرز منگوا لئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ مال روڈ ،جیل روڈ ، مین بلیوارڈ، مین کنال روڈ، علامہ اقبال روڈ، جی ٹی روڈ، اندرون شہر، لوئر مال، اپر مال سمیت دیگر علاقے شامل ہیں جہاں صفائی کر رہے ہیں۔ شہریوں کو چکتا دمکتا لاہور نظر آئے گا۔ ایم ڈی راو امتیاز نے مزید کہا کہ شہریوں سے اپیل ہے کہ ہمارے ساتھ تعاون کریں۔