لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی دیوالیہ، صفائی کا کام بند، شہر کچرے کا ڈھیر بن گیا

Last Updated On 20 December,2019 06:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور شہر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی دیوالیہ ہو گئی۔ ادائیگیاں نہ ہونے پر ترکی کے کنٹریکٹرز نے صفائی کا کام بند کر دیا۔ شہر کچرا کنڈی دکھائی دینے لگا۔ جگہ جگہ پڑے کوڑے کے ڈھیر انتظامیہ کی نااہلی کا ثبوت پیش کرنے لگے۔

شہر کی 274 یونین کونسلز میں پڑے کوڑے کے ڈھیر انتظامیہ کی نااہلی کا اشتہار بن گئے ہیں۔ صورتحال پر سیکریٹری بلدیات، کمشنر لاہور ڈویثرن اور ڈپٹی کمشنر لاہور بھی خاموش ہیں۔ شہر میں صفائی کی ناقص صورتحال پر شہری شدید تذبذب کا شکار ہیں۔

ایل ڈبلیو ایم سی نے ترکی کے کنٹریکٹرز کو 3 ارب روپے کی ادائیگیاں نہیں کیں۔ رقم طلب کرنے کے باوجود وصولی نہ ہونے پر کنٹریکٹرز نے کام کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

معاہدے کے مطابق فروری 2020ء میں ترکی کے کنٹریکٹر کا 7سالہ ٹھیکہ ختم ہو جائے گا۔

لاہور شہر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ایم ڈی راؤ امتیاز کا کہنا ہے کہ جلد لاہور کو زیرو ویسٹ کردیا جائے گا۔ ادائیگیوں بارے تمام افسران کو مطلع کر دیا ہے۔