اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے میڈیا سٹرٹیجی کمیٹی اجلاس میں حکومتی ردعمل دینے کا ٹاسک قانونی ٹیم کو سونپ دیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے خصوصی عدالت کے جج کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق خصوصی عدالت کے جج وقار سیٹھ کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کیا جائے گا۔ ان کے فیصلے میں ڈی چوک پر لٹکانے کے جملے کو قانونی اور انسانی حدود کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پرویز مشرف سنگین غداری کے مرتکب، ملزم کو سزائے موت سنائی جاتی ہے: تفصیلی فیصلہ
حکومت کی قانونی ٹیم کے مطابق خصوصی عدالت کا تفصیلی فیصلہ قانون، شریعت اور انسانی حقوق کے منافی ہے۔ تفصیلی فیصلہ سے ملک میں انارکی کی فضا پیدا ہوئی۔ یہ فیصلہ افراتفری کی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا اجلاس میں کہنا تھا کہ ملک میں عدم استحکام اور اداروں کے درمیان تصادم کی صورتحال پیدا نہیں ہونے دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ملزم پرویز مشرف کو پھانسی کی سزا نہیں دی جا سکتی، جسٹس نذر اکبر کا اختلافی نوٹ