کوالالمپور: (دنیا نیوز) ملائیشین وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں دورہ منسوخ کرنے کی بروقت اطلاع دینے پر وزیراعظم پاکستان کو سراہا ہے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم پاکستان کے بعد وزیر خارجہ نے بھی دورہ ملائیشیا منسوخ کر دیا ہے۔ عمران خان نے مہاتیر محمد کو ٹیلیفون کرکے کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔
اس صورتحال سے متعلق ملائیشین وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عمران خان نے ڈاکٹر مہاتیر محمد کو فون کیا اور کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا۔ ملائشین وزیراعظم نے پاکستانی ہم منصب کی جانب سے بروقت اطلاع دینے کو سراہا۔
کچھ غلط فہمیوں کا ازالہ کرتے ہوئے بیان میں کہا گیا ہے کہ کوالالمپور سمٹ او آئی سی کا متبادل نہیں بلکہ یہ غیر سرکاری تنظیم کا 5واں سالانہ اجلاس ہے جسے حکومت کی حمایت حاصل ہے۔ صرف اس مخصوص سمٹ میں کچھ عالمی رہنماؤں کو دعوت دی گئی، تاہم ملائیشیا چاہتا تھا کہ تمام 56 اسلامی ممالک کو اس میں دعوت دی جاتی۔
یہ بھی پڑھیں: دورہ ملائیشیا کی منسوخی، وزیراعظم نے مہاتیر محمد کو سعودی تحفظات سے آگاہ کردیا