اسلام آباد: (دنیا نیوز) تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے بجلی کے بقایا جات، نیپرا نے 17 ارب 20 کروڑ روپے کا بوجھ عوام پر ڈالنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ کمپنیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی 17 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی کی جائے۔
بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے نیپرا کو جولائی سے ستمبر 2019ء کے بقایا جات کی مد میں وصولی کی درخواست دی تھی۔ کمپنیوں نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ آئیسکو کو صارفین سے 1 ارب 44 کروڑ روپے، لیسکو کو 5 ارب روپے، گیپکو کو 1 ارب 53 کروڑ، فیسکو کو 94 کروڑ، میپکو کو 2 ارب 21 کروڑ اور پیسکو کو 3 ارب 66 کروڑ روپے وصول کرنے کی اجازت دی جائے۔
حیسکو نے 2 ارب 50 کروڑ، کیسکو 1 ارب 52 کروڑ اور سیپکو نے 1 ارب 19 کروڑ وصولی کی درخواست کی ہے۔ تقسیم کمپنیوں نے بقایا جات وصولی کی مد میں 17 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی جس پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے۔