نیب حکام نے مریم نواز کی ضمانت کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا

Last Updated On 04 November,2019 06:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) حکام نے مریم نواز شریف کی چودھری شوگر ملز کیس میں ضمانت کی منظوری کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق شوگر مل کیس میں مریم نواز کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ وہ مکمل صحت مند ہیں اور بیمار بھی نہیں۔ اس کے علاوہ وعدہ معاف گواہ عبداللہ ناصر لوتھا نے بھی شریف فیملی کی منی لانڈرنگ کے حوالے سے اپنا بیان ریکارڈ کروا رکھا ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو کی جانب سے قانونی مشاورت کے بعد مریم نواز شریف ضمانت کے بارے میں عدالتی فیصلے کو چیلنج کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف کو چودھری شوگر ملز کیس میں رواں سال 8 اگست کو گرفتار کیا گیا تھا۔ نیب کی جانب سے مریم نواز پر منی لانڈرنگ کے الزامات لگائے گئے۔

 

مریم نواز نے لاہور ہائی کورٹ میں چودھری شوگر ملز کیس میں ضمانت کی درخواست دی تھی۔ ان کے وکیل امجد پرویز نے موقف اپنایا کہ ان کی موکلہ مریم نواز کا چودھری شوگر ملز میں کبھی بھی متحرک کردار نہیں رہا، ایک عرصے سے ان کے پاس ملز کے کوئی شیئرز نہیں ہیں۔