نواز شریف کا مکمل طبی معائنہ، پلیٹ لیٹس میں اتار چڑھاؤ، بون میرو مکمل فنکشنل

Last Updated On 24 October,2019 05:25 pm

لاہور: (دنیا نیوز) میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کا طبی معائنہ مکمل کر لیا۔ پلیٹ لیٹس کی تعداد 20 ہزار ہو گئی، میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے بون میرو مکمل فنکشنل ہے، نواز شریف کو 'ایکیوٹ امیون تھرومبو سائٹوپینیا' تشخیص ہوا ہے، یہ بیماری کسی بھی وائرل انفیکشن کے بعد ہو سکتی ہے۔

نواز شریف کی بیماری کے پیش نظر تشکیل کردہ میڈیکل بورڈ نے سروسز ہسپتال لاہور میں ان کا طبی معائنہ کیا۔ میڈیکل بورڈ کے مطابق نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 20 ہزار ہو گئی۔ میڈیکل بورڈ نے اپنی فائنڈنگ میں بتایا کہ نواز شریف کو کینسر کا مرض لاحق نہیں ہے، اس حوالے سے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق نواز شریف کو  ایکیوٹ امیون تھرومبو سائٹوپینیا  تشخیص ہوا ہے، یہ بیماری کسی بھی وائرل انفیکشن کے بعد ہو سکتی ہے، آٹوایمیون ڈیزیز ہے، نواز شریف کا علاج شروع کر دیا گیا ہے، یہ مختصر مدت کی بیماری ہوتی ہے، عموما 6 مہینے تک رہتی ہے، علاج سے ٹھیک ہو جاتی ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے زیادہ تر مریض علاج سے ٹھیک ہو جاتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کو انجکشن ایمیونوگلوبلن شروع کر دیئے ہیں۔ ڈاکٹر ثاقب انصاری کا کہنا ہے 48 سے 72 گھنٹے میں پلیٹ لیٹس بننا شروع ہو جانی چاہیے، آئی ٹی پی کی یقینی تشخیص کیلئے بون میرو کا ٹیسٹ ضروری ہے، یہ تصدیق ہو جائے کہ انہیں خون کی کوئی اور بیماری نہیں ہے۔

نواز شریف کی بیماری کے پیش نظر شہباز شریف اور مولانا طارق جمیل نے سروسز ہسپتال پہنچ کر نواز شریف کی عیادت کی، شہباز شریف کچھ دیر بڑے بھائی نواز شریف کے پاس رہے اور واپس چلے گئے۔ اس موقع پر نواز لیگ کے دیگر رہنماؤں سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد سروسز ہسپتال پہنچی تاہم کسی کو ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔ سینیٹر سراج الحق نے شہباز شریف سے فون پر رابطہ کر کے خیریت دریافت کی۔