سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی طبیعت ایک مرتبہ پھر بگڑ گئی

Last Updated On 23 October,2019 11:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد میاں محمد نواز شریف کی سروسز ہسپتال میں ایک مرتبہ طبیعت بگڑ گئی، ان کے پلیٹ لیٹس کی تعداد دوبارہ 7 ہزار پر پہنچ گئی۔

دنیا نیوز کے مطابق میاں محمد نواز شریف کی طبیعت گزشتہ روز سنبھلی تھی اور پلیٹ لیٹس کی تعداد 29 ہزار کے قریب پہچ گئی تھی جس کے بعد ڈاکٹروں نے سابق وزیراعظم کی صحت کو بہتر قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نیب نے نواز شریف کو تاخیر سے ہسپتال لانے کے الزامات مسترد کر دیئے

پروفیسر محمود ایاز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 29 ہزار ہوگئی، آئندہ اجلاس میں سابقہ ٹیسٹ رپورٹس نئی ادویات کا جائزہ لے گا، نواز شریف کے مزید ٹیسٹ سے متعلق بھی بورڈ فیصلہ کرے گا، نواز شریف کے علاج کے لئے تین شفٹوں میں 21 ڈاکٹرز نواز شریف کے علاج کے لئے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اب ایک مرتبہ پھر سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی طبیعت ناساز ہو گئی ہے، سروسز ہسپتال میں زیر علاج مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد کے پلیٹ لیٹس کی تعداد ایک مرتبہ پھر کم ہو کر 7ہزار پر پہنچ گئی۔

میڈیکل بورڈ کے اعلیٰ حکام کو بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، ان پلیٹ لیٹس کی تعداد کم ہوکر پھر 7 ہزار رہ گئیِ، میڈیکل بورڈ کی سفارش پر اسلام آباد سے ایک سینئر ڈاکٹرکو بلالیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی طبیعت بہتر ہونے لگی

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہمارے لیڈر نواز شریف کی صحت بہتر ہو رہی ہے، بیرون ملک جانے میں صداقت نہیں۔

ادھر مسلم لیگ ن کی رکن سعدیہ تیمور نے پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع کرا ئی ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مریم نواز کو نواز شریف سے ملاقات کیلئے پرول پر رہا کیا جائے۔

دوسری طرف محکمہ داخلہ پنجاب نے نیب کی درخواست پر سابق وزیر اعظم کی سکیورٹی بڑھا دی ہے، وی وی آئی پی وارڈ میں سی سی ٹی وی کیمرے لگا دئیے گئے ہیں۔