‎ملک پر عمران صاحب کی سیاہ فسطائی سوچ مسلط ہے: مریم اورنگزیب

Last Updated On 16 October,2019 02:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ‎ملک پر عمران صاحب کی سیاہ فسطائی سوچ مسلط ہے، نالائق اور نااہل حکومت نے تمام سیاسی مخالفین کو اغوا کیا ہوا ہے اور اُن کی آوازیں بھی بند کر رہے ہیں۔

حمزہ شہباز سے میڈیا کو بات کرنے سے روکنے اور صحافیوں پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ‎عمران خان سن لیں آواز بند کرنے سے سچائی چھپ نہیں سکتی، نہ ہی جھوٹ سچ بن جائے گا، ‎سیاسی مخالفین کے خلاف کرپشن مل نہیں رہی، بوکھلائی فسطائی حکومت اب آوازیں بند کر رہی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‎آزادی اظہار رائے پرتاریخ کی بدترین پابندیاں عائد ہیں، نالائق حکومت صرف عمران نامہ چاہتی ہے، ‎سرکاری افسران، اداروں اور میڈیا پر تشدد اور حملے کرنا عمران صاحب کی جماعت کا پرانا وطیرہ ہے،‎ عمران صاحب سیاسی مخالفین کے خلاف آپ کے الزامات جھوٹ ثابت ہو رہے ہیں تو اس میں میڈیا کا کیا قصور ہے۔