اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایل این جی کیس میں احتساب عدالت نے شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل اور شیخ عمران الحق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28 اکتوبر تک توسیع کر دی۔
ایل این جی کیس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور سابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق کو اڈیالہ جیل سے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا۔
دوران سماعت شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جیل میں ساتھیوں اور وکلا سے ملنے نہیں دیا جا رہا، اکٹھے بیٹھنے تک دفاع کیسے کریں گے، پوری مشینری استعمال ہو رہی ہے، عدالتی احکامات نہیں مانے جا رہے، حکومت کوبہت شوق ہے تو پہلے رہا کرے پھر دوبارہ گرفتار کرلے۔
سابق وزیراعظم نے استدعا کی کہ جیل میں ملزمان کی آپس میں ملاقات، وکلا سے مشاورت اور دفاع کے لیے لیپ ٹاپ استعمال کرنے کی اجازت دی جائے، عدالت میڈیکل رپورٹ بھی منگوائے۔ جج احتساب عدالت نے کہا کہ اگر جیل مینوئل میں لکھا ہوگا تو ہی وہ اجازت دیں گے۔
دوسری جانب نیب راولپنڈی نے ایل این جی کیس میں عبداللہ شاہد، حیدر شاہد اور نادر شاہد کے بیان ریکارڈ کر لیے۔ سابق وزیراعظم کے بیٹوں نے کہا کہ ایل این جی کیس اور والد کے کاروباری معاملات سے متعلق انہیں کچھ پتا نہیں۔