اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی کا تخمینہ لگا لیا، وفاقی حکومت جاں بحق لواحقین کو 5 لاکھ روپے فی کس دے گی۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو مالی امداد کی فراہمی سے زلزلہ متاثرین کی بحالی میں مدد ملےگی، گھروں،مال مویشیوں کیلئے زر تلافی سے متاثرین کے نقصانات کا ازالہ ممکن ہوگا، متاثرہ علاقوں میں بچوں کی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں، خواتین کی سہولیات کے بھی اقدامات کئے گئے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا وزیراعظم عمران خان کے دورہ سے زلزلہ سے متاثرہ کشمیری عوام کو نیا حوصلہ ملا ہے، ان کی امداد اور بحالی تک تعاون کا سلسلہ بھرپور انداز سے جاری رہے گا، مکمل تباہ ہونے والوں مکانوں کیلئے 2 لاکھ جبکہ جزوی متاثرہ مکانات کا معاوضہ 1 لاکھ روپے دیا جائے گا، 38 سکولوں کیلئے بڑے ٹینٹ فراہم کیے جا رہے ہیں، زلزلہ سے متاثر ہونے والی سڑکوں کی تعمیر پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہو گی۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا زخمیوں کی مدد کیلئے پاکستان بیت المال بھی حصہ ڈالے گا، متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی کا تخمینہ 1200ملین لگایا ہے، جزوی طور پر متاثر ہونے والی دکان کے مالک کو 25 ہزار روپے دیئے جائیں گے، حکومت 50 ہزار روپے فی مویشی مدد فراہم کرے گی۔