اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سیاسی دکانوں کو چمکانے کے بجائے تمام سیاسی رہنماؤں کو کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔
ایئرپورٹ پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ آج پوری قوم کے نمائندوں نے وزیراعظم کا والہانہ استقبال کیا۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر جم غفیر نے اپنے محبوب قائد کو خوش آمدید کہا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دورہ امریکا میں پوری دنیا کو دین اسلام کے ایک ہونے کا پیغام دیا۔ پوری قوم نے جنرل اسمبلی میں وزیراعظم کے تاریخی خطاب کی پذیرائی کی۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ ہم سب مسلمان نبی آخر الزمان ﷺ کے پیروکار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسلام کے ٹھیکیداروں کی ہنڈیا بیچ چوراہے پھوٹ گئی، آزادی مارچ والوں کا چورن اب بکنے والا نہیں ہے۔ آزادی مارچ کی آڑ میں سیاسی تھیٹر سجانے والوں کی تمام خواہشیں وزیراعظم نے ملیا میٹ کردیں۔ اسلام کے ٹھیکداروں کی فلم سینما میں لگنے سے پہلے ہی فلاپ ہوگئی۔ مذہب کے ٹھیکے دار ہوش کے ناخن لیں۔
انہوں نے بتایا کہ پیر کو وزیراعظم زلزلہ زدگان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے میرپور جائیں گے۔ زلزلہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔