کراچی: (روزنامہ دنیا) پاکستان کی پہلی ہندو خاتون پولیس افسر بن گئیں۔ سندھ پبلک سروس کمیشن نے گزشتہ روز مقابلے کے امتحان کے نتائج کا اعلان کیا تو کامیاب امیدواروں میں پشپا کماری بھی شامل تھیں۔ امتحان میں کامیابی کے بعد وہ سندھ پولیس میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر کے عہدے پر بھرتی ہو گئی ہیں۔
پشپا کماری کا تعلق کولہی برادری سے ہے۔ سامارو کی رہائشی پشپا کماری نے کراچی کے ڈاؤ میڈیکل کالج سے کریٹکل کیئر آئی سی سی میں گریجویشن کیا ہے۔ پشپا کماری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میری کامیابی والدین کی دعاؤں کا نتیجہ ہے، بہادر اور ایمان دار پولیس افسر کی حیثیت سے شناخت قائم کرنا چاہتی ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی شخص اپنی ذات، رنگ یا نسل کی بنیاد پر نہیں بلکہ کردار اور کارکردگی کی بنیاد پر پہچانا جاتا ہے ۔ میں چاہتی ہوں میری برادری کی دیگر لڑکیاں بھی تعلیم حاصل کر کے ملک کا نام روشن کریں۔ معروف فیشن ڈیزائنر عاصم جوفہ نے ٹوئیٹ کے ذریعے پشپا کماری کو مبارک باد دی ہے۔