کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے سندھ حکومت نے کوئی تقریب نہیں منائی

Last Updated On 30 August,2019 07:42 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے دن سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کے تحت کوئی تقریب نہیں ہوئی، اس حوالے سے وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ہم نمائشی اقدامات نہیں کرنا چاہتے۔

تفصیلات کے مطابق کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے دن سندھ سرکار اور پیپلز پارٹی لاتعلق نظر آئی۔ وزیراعلیٰ ہاؤس، سندھ اسمبلی، بلاول ہاؤس، زرداری ہاؤس اور پیپلز سیکٹریٹ سمیت کہیں کوئی تقریب نہیں ہوئی۔

اس معاملے کی صفائیاں دینے کے لئے سندھ حکومت کے وزرا میدان میں آئے۔ وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی بولے کہ وزیراعظم اور وزیر خارجہ کو مختلف ممالک کے دوررے کرنے چاہیں تھے۔ حکومتی پالیسی کشمیر کاز کو اجاگر نہیں کر پا رہی جبکہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر نہ چلنے کا الزام بھی لگا دیا۔

جیالے رہنما قادر پٹیل نے کہا کہ آج پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا گیا تھا لیکن حکومت نے راہ فرار اختیار کی۔ ہتھیاروں سے زیادہ سفارتی جنگ اہم ہوتی ہے۔

رہنماوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی چھ ستمبر کو یوم دفاع پاکستان پر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالیں گے جو ٹاور سے شروع ہو کر پریس کلب پر اختتام پذیر ہوگی۔