پیپلز پارٹی نے”تباہی کا ایک سال“کے نام سے حکومت کیخلاف رپورٹ جاری کردی

Last Updated On 22 August,2019 05:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما نفیسہ شاہ کا کہنا ہے کہ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے حکومت کی جو کارکردگی بتائی، اس میں کچھ بھی نہیں، پی ٹی آئی نے اپنے ایک سالہ اقتدارا میں تاریخی مہنگائی اور سیاست کی تباہی کر دی ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نفیسہ شاہ نے حیدر زمان قریشی کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے ایک سالہ اقتدار میں سیاست کی تباہی کی گئی ہے۔ جنوبی پنجاب کا وعدہ پورا نہیں ہوا۔ ایک منظم انداز سے زراعت کو تباہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ہٹلر کے مظالم کا ذکر تو بہت کرتے ہیں لیکن وہ خود ہٹلر سے زیادہ متاثر نظر آتے ہیں۔

نفیسہ شاہ نے کہا کہ حکومت کی ناکامی ہے کہ کشمیر کے مسئلے کو بہتر کرنے کے بجائے خراب کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم جن کی ڈرائیونگ کرتے ہیں انہوں نے کشمیر مسئلے پر ایک بیان تک نہیں دیا۔

اس موقع پر حیدر زمان قریشی نے کہا کہ جب بھی ملک پر کڑا وقت آیا، اپوزیشن ریاست کےساتھ کھڑی رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی عالمی قوتوں کا لاڈلہ ہے، آج مسلم امہ پاکستان کیلئے آواز نہیں اٹھاتی، حکومت کی کشمیر کمیٹی کے فوری اجلاس بلائے جائیں۔