مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس

Last Updated On 19 August,2019 12:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مولانا فضل الرحمن کی زیر صدارت اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس جاری ہے، اے پی سی میں شہباز شریف اور بلاول بھٹو کی عدم شرکت، اسلام آباد لاک ڈاون اور ملین مارچ کے انعقاد کا جائزہ لیا جائے گا۔

آل پارٹیز کانفرنس میں مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور اے این پی کے وفود شریک ہیں۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن کی جانب سے احسن اقبال، خواجہ آصف، سردار ایاز صادق شریک ہیں۔ پیپلزپارٹی کے وفد میں نئیر بخاری، شیری رحمان اور فرحت اللہ بابر شامل ہیں۔

اے این پی کی جانب سے میاں افتخار اور امیر حیدر خان ہوتی شریک ہیں۔ جے یو آئی ایف آزاد کشمیر کے صدر مولانا سعید یوسف بھی اے پی سی میں شریک ہیں۔ مولانا سعید یوسف کشمیر کی صورتحال پر شرکاء کو بریف کریں گے، پہلے مرحلے میں ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، دوسرے مرحلے میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور بھارتی جارحیت کا جائزہ لیا جائے گا۔

اے پی سی میں چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کا بھی جائزہ لیا جائے گا، تحریک عدم اعتماد دوبارہ لانے کی صورت میں حکمت پر بھی غور ہوگا، اے پی سی نے نیب کی جانب سے حالیہ گرفتاریوں کی بھی مذمت کی۔